ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن،واجبات کی عدم ادائیگی پر3ہفتوں میں جواب طلب

ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن،واجبات کی عدم ادائیگی پر3ہفتوں میں جواب طلب

عدالتی حکم کے باوجود ادائیگی رکی ہوئی ہے ،وکیل،کیا سندھ میں بھی مالی بحران ہے ؟ ریمارکس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں بلدیاتی اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور واجبات کی عدم ادائیگی پر میئر کراچی و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے تین ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل عبدالجلیل زبیدی نے عدالت میں جواب جمع کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ میونسپل کمشنر کے ایم سی نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات کو خط لکھا ہے ۔ محکمہ خزانہ نے اکتوبر تا دسمبر 2025 کے پنشن واجبات کی ادائیگی کے لیے 20 کروڑ روپے فراہم کیے تھے ۔ مزید واجبات کی ادائیگی کے لیے تین کروڑ 45 لاکھ روپے فراہم کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے ۔ سرکاری وکیل نے مزید تفصیلی جواب جمع کروانے کے لیے مہلت طلب کی جس پر جسٹس عدنان الکریم میمن نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا سندھ میں بھی مالی بحران ہے ؟ ۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے مئی 2025 میں پنشنری فوائد کی ادائیگی کا حکم دیا تھا اور فنانس ڈپارٹمنٹ کو فنڈز کی کمی پوری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری بلدیات کو ریٹائرڈ اور آئندہ برس ریٹائر ہونے والے ملازمین کی فہرست میئر کو فراہم کرنے اور کے ایم سی کو دو برس تک پنشن کی ادائیگی جاری رکھنے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود پنشن کی ادائیگی مکمل طور پر رکی ہوئی ہے جس کے باعث ریٹائرڈ ملازمین کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں