کثیر المنزلہ امتحانی مراکز تعمیر کرنیکا فیصلہ
موزوں سرکاری اراضی کی نشاندہی کی ہدایت، جدید انفراسٹرکچر، سکیورٹی، مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا جائیگا، 500طلبہ ایک وقت میں امتحانات دے سکیں گےکمشنر عامر کریم کا دورہ ٹی ایچ کیو کبیروالا، ایمرجنسی سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ، ادویات باہر سے منگوانے پر اظہار برہمی، ڈسپنسر کی معطلی کے احکامات جاری
ملتان ،خانیوال(خصوصی رپورٹر،لیڈی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان و کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملٹی سٹوری امتحانی ہالز کی تعمیر کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں اضلاع اور تحصیل سطح پر موزوں سرکاری زمین کی فوری نشاندہی اور الاٹمنٹ کی ہدایت کی گئی ہے ۔کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق ایسے امتحانی ہالز تعمیر کئے جائیں جن میں بیک وقت 400سے 500طلبہ امتحان دے سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفاف اور پرامن امتحانات کے انعقاد کے لئے جدید انفراسٹرکچر ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اور بکھرے ہوئے امتحانی مراکز کے باعث سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ مرکزی اور بڑے امتحانی ہالز کے قیام سے نہ صرف کنٹرول بہتر ہوگا بلکہ اخراجات میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اس منصوبے پر پیش رفت کی رپورٹ جلد از جلد ارسال کی جائے تاکہ آئندہ مراحل بروقت مکمل کئے جا سکیں۔ کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبیروالا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید اور اسسٹنٹ کمشنر رانا عامر لیاقت بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر نے ایمرجنسی سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس دوران مریضوں کی جانب سے ادویات باہر سے منگوانے کی شکایت پر کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر کو ڈسپنسرکی معطلی کے احکامات جاری کئے ۔ علاوہ ازیں کبیروالا میں جنرل بس اور ویگن اسٹینڈ کی بحالی و اپ گریڈیشن کا جامع پلان تیار کر لیا گیا۔ اس سلسلہ میں کمشنر عامر کریم خاں نے مجوزہ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ لی۔
شجاع آباد کے سرکاری سپیشل ایجوکیشن سکول میں سماعت سے محروم بچوں کے لئے ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے 77 خصوصی بچوں میں 90 ہیرنگ ایڈز تقسیم کئے ۔ڈویژنل انتظامیہ کی کاوشوں اور ایم ڈی پارکو ارتضی علی قریشی کے تعاون سے فراہم کئے گئے ہیرنگ ایڈز نے بچوں کی زندگی میں نئی روشنی بھر دی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر بتایا کہ ڈویژن بھر میں سپیشل ایجوکیشن اداروں میں زیر تعلیم بچوں کا جامع میڈیکل سروے مکمل کیا گیا جس کے دوران 3030 بچوں کے ٹیسٹ کئے گئے ، جن میں سے 460 بچوں میں سماعت کی بحالی کی امید سامنے آئی۔ عامر کریم خاں نے رات گئے نشتر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔