خانیوال، میگا سیمینار‘اگیتی کپاس کی کاشت بڑھانے پر زور
فصل مینجمنٹ، کیڑوں تدارک اور جدید ٹیکنالوجی پر کاشتکاروں کی رہنمائی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب لاہور ڈاکٹر عامر رسول نے ضلع خانیوال کا دورہ کیا اور میگا فارمرز سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اگیتی کپاس کی کاشت بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو فصل کی بہتر مینجمنٹ، زرعی مداخل کی قیمتوں اور روئی کی متوقع قیمتوں سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ساؤتھ زون ملتان الیاس رضا کلاچی نے کپاس کے نقصان دہ کیڑوں کے مؤثر تدارک کیلئے مربوط انسدادِ کیڑہ جات (آئی پی ایم) طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔مزید برآں ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ ملتان ڈویژن ڈاکٹر محمد رمضان آسی، ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ خانیوال ڈاکٹر محمد یاسر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ایکسٹینشن خانیوال مہر محمد اقبال نے کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی، آم کے ہاپر کے تدارک اور فصلوں کے تحفظ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سیمینار میں کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ماہرین سے رہنمائی حاصل کی۔