اسمارٹ لاک ڈاؤن مسئلے کا حل نہیں ،کاشف سعید شیخ
بوجھ عوام پرڈالنے کی بجائے وزیروں کی تنخواہوں میں اضافہ واپس لیا جائے کرپشن اور عیاشیاں بند، سادگی وکفایت شعاری کی پالیسیاں اپنائی جائیں ،بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن مسئلے کا حل نہیں، اس میں بھی سب سے زیادہ متاثر غریب ودہاڑی دارطبقہ ہوگا، اس لیے حکومت سارا بوجھ عوام پرڈالنے کی بجائے وزیروں ،مشیروں کی تنخواہوں میں اضافہ واپس، کرپشن اوراپنی عیاشیاں بندکرکے سادگی وکفایت شعاری کی پالیسیاں اپنائے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں قبائلی جھگڑے ناسور کی شکل اختیارکرچکے ہیں۔حکومت تصادم کے خاتمے اورقیام امن میں ناکام ثابت ہوئی ہے ۔ڈاکوراج سے لے کرقبائلی تصادم تک فریقین کو حکومت میں شامل بااثرشخصیات کی سرپرستی حاصل ہوتی ہے ،پولیس کا خاموش تماشی کردار بھی ملزمان کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے ،شکارپور کی تحصیل لکھی غلام شاہ میں بھینس چوری پر 26 سالوں سے جاری جونیجوکلھوڑو برادری میں تصادم کا خاتمہ خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف عوام پرمسلسل ٹیکسوں کا بوجھ ڈال کر زندہ رہنے کا حق بھی چھینا جارہا تودوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے لیے سرکاری خزانے سے تقریباً 9 کروڑ روپے مالیت کی نئی گاڑی خریدے جانے کا انکشاف اورومیاں نوازشریف کی بیٹی زیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے لیے 11 ارب روپے کا 2 غیرملکی پائلٹ سمیت جھاز کی خریداری قومی خزانے کی لوٹ مار بلکہ عوام کے زخموں پرنمک پاشی ہے ۔صوبائی امیرنے زوردیا کہ حکومت سندھ میں قبائلی تصادم کے خاتمے اورقیام امن کے لیے اقدامات کرکے حکومتی رٹ کو بحال اورشہریوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔