خریف کیلئے پیداوار میں 25فیصد اضافہ یقینی بنایا جا ئے ، رانا تنویر
تیز ترین ترقی، معاشی استحکام کیلئے زرعی شعبے کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح حکومتی پالیسیوں کو ترجیحات کے مطابق منڈی سے ہم آہنگ کریں :خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہی شعبہ تیز ترین معاشی استحکام اور ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے ۔جمعرات کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی کیسا تھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا علاقائی تنازعات کے باعث دنیا بھر میں غذائی تحفظ کے خدشات بڑھ گئے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے فی ایکڑ پیداوار میں 33 سے 40 فیصد اضافے کے لیے نیشنل ویٹ پروڈکٹیویٹی پلان تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔صوبائی وزیر زراعت پنجاب، سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی نے کہا کہ خصوصاً پنجاب میں بعض فصلوں کی زائد پیداوار کے باوجود کمزور مارکیٹنگ نظام اور محدود برآمدی راستوں کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا حکومتی پالیسیوں کو قومی ترجیحات کے مطابق منڈی سے ہم آہنگ کیا جائے ۔اجلاس میں سائنسی بنیادوں پر فصلوں کی زوننگ متعارف کرانے پر بھی زور دیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا خریف فصلوں کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ یقینی بنایا جا ئے ۔انہوں نے تمام صوبوں، ماہرین اور متعلقہ فریقین کو ہدایت کی کہ وہ گندم، کپاس اور آئل سیڈز سمیت ترجیحی شعبوں پر ٹھوس اور قابلِ عمل تجاویز پیش کریں۔