راولپنڈی تعلیمی بورڈ ،میٹرک امتحانات آج شروع ہونگے ،انتظامات مکمل
ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز کو امتحانی مراکز کے دورے کی ہدایت
راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات میٹرک (پہلا سالانہ) کے جائزہ کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ آج سے شروع ہونے والے امتحانات کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے ۔ امتحانات کے دوران سخت نگرانی اور مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے ، تاکہ میرٹ کو برقرار رکھا جا سکے اور ہر طالب علم کی محنت کا تحفظ ممکن ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز و متعلقہ ڈویژنل ہیڈز اپنے اپنے دائرہ کار میں موجود بورڈ کے امتحانی مراکز کا دورہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر انتظامات کا جائزہ اورنگران عملہ کی ورکنگ کی بھی پڑتال کی جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شفاف امتحانات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ تعلیمی بورڈز کو بھرپور سپورٹ کرے اور کہیں پر بھی کوئی بے ضابطگی رپورٹ ہونے کی صورت میں فوری کارروائی اور متعلقہ افرارد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے ۔ طلباو طالبات کو پُرسکون ماحول دینا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ امتحانی ڈیوٹی سے بلا جواز غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔