وزیر مواصلات سے ایرانی سفیر سے ملاقات ،تعاون بڑھانے پر اتفاق

 وزیر مواصلات سے ایرانی سفیر سے ملاقات ،تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر کا ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت ،جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار

اسلام آباد (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم سے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ، خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت اور دیگر جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستانی قوم ایران اور ایرانی عوام کو ان کی استقامت پر خراج تحسین پیش کرتی ہے اور گزشتہ 26 دنوں میں ایران نے جرات اور حوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے ۔ ساری مسلم امہ کے دل ایران کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے ایران کے لیے مستقبل میں بہتری اور نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیر کی جانب سے فوری تعزیتی پیغام بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی عظیم قوم کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پہلے کی طرح اس بار بھی فتح ایران کو ہی نصیب ہوگی۔ ملاقات کے دوران ایران اور پاکستان کے مابین مختلف تجارتی اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں پاک ایران تعلقات کی مضبوطی اور باہمی رابطوں کے فروغ پر مکمل اتفاق کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں