وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کا اسلام آباد میں ہفتہ وار شجر کاری مہم کا اعلان
شجر کاری سے زہریلی گیسوں کے اخراج اور ان کے منفی اثرات میں کمی لائی جاسکتی ،مصدق ملک
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ہم آہنگی مصدق ملک نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں 31 مارچ کے بعد ہفتہ وار شجر کاری مہم شروع کی جائے گی، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، شہری معیار زندگی اور موسمیاتی لچک کو مضبوط بنانا ہے ۔ نجی مواصلاتی کمپنی اور ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے اشتراک سے شکرپڑیاں میں منعقدہ شجر کاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم ایک سے دو ماہ تک مختلف مقامات پر جاری رہے گی ،اسلام آباد میں ہر کٹنے والے درخت کے بدلے دس نئے درخت لگانے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اس عزم پر عمل در آمد عملی طور پر شروع ہو چکا ہے ۔شجر کاری سے زہریلی گیسوں کے اخراج اور ان کے منفی اثرات میں کمی لائی جاسکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ کمیونٹیز، تعلیمی ادارے ، سول سوسائٹی اور کارپوریٹ سیکٹر کی شرکت حکومت کی قومی درخت لگانے کی مہم کی حمایت کے لیے لازمی ہے ۔ وزیر نے موجودہ حکومت کے جنگلات کے تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کے عزم کو دہرایا۔