خستہ حال عمارتیں خالی کرانے ،افسران کو الرٹ کا حکم
بارشوں میں ایس بی سی اے افسران خطرناک عمارتوں کی نگرانی کریں،ناصر حسین رین ایمرجنسی سینٹرز میں 24گھنٹے عملہ تعینات، غفلت پر سخت کارروائی کا انتباہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ممکنہ بارشوں کے پیش نظر وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے تمام افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور شہریوں کے تحفظ کیلئے موثر نگرانی یقینی بنائیں۔صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے مزمل حسین ہالیپوٹو کو ہدایت دی کہ شہر بھر میں خطرناک اور خستہ حال عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے اور متوقع بارشوں کے دوران ان کی کڑی نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ خطرناک عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کا فوری انخلاء یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر بوسیدہ اور ناقابل رہائش عمارتیں فوری خالی کریں۔
ناصر حسین نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران کمزور دیواروں، خستہ حال عمارتوں اور زیر تعمیر عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہوتا ہے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رین ایمرجنسی سینٹرز میں 24 گھنٹے عملہ موجود رکھا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے ۔ تمام متعلقہ افسران کو ہائی الرٹ رہنے اور فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ۔شہری کسی بھی ایمرجنسی یا خطرناک عمارت سے متعلق شکایت کیلئے ہیلپ لائن نمبر 021-99232355 پر فوری رابطہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس ضمن میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔