عید ایام میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،387پوائنٹس پر چھاپے،بھاری جرمانے
182فوڈ بزنس مالکان کو اصلاحی نوٹسز، 31کو جرمانے ، 40کلو غیر معیاری خوراک تلف، بیکری پروڈکشن یونٹس میں گندگی ، صاف پانی استعمال نہ کرنے پر ایک لاکھ جرمانہ عائد
ملتان (لیڈی رپورٹر)عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی یقینی فراہمی کا مشن، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی عید کے تین روز ملتان ڈویژن میں 387 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، 182 فوڈ بزنس مالکان کو اصلاحی نوٹسز جاری، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 31\\\' فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد، 40 کلو غیر معیاری خوراک تلف۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیمیں عید کے موقع پر فیلڈ میں متحرک رہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں 145، لودھراں میں 91، خانیوال میں 91 اور وہاڑی میں 60 فوڈ پوائنٹس کو چیک کیا گیا۔ ملتان میں قصوری چوک، معصوم شاہ روڈ، چوک شاہ عباس، کچہری چوک میں 4 سویٹس اینڈ بیکرز یونٹس کو پروڈکشن ایریا میں گندگی، غیر معیاری اجزاء کے استعمال، صاف پانی کا استعمال نہ کرنے ایک لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کئے ۔ اسی طرح ایم ڈی اے چوک، ہیڈ نو بہار دنیا پور روڈ، گلشن مارکیٹ میں 3 فوڈ پوائنٹس کو آلودہ کٹنگ بورڈ کے استعمال، گوشت اور دیگر اشیاء کو ڈھانپ کر نہ رکھنے ، ایکسپائری فوڈ آئٹمز کی موجودگی پر مجموعی طور پر 40 ہزار روپے کے جرمانے ، پرانا دنیا پور روڈ غلہ گودام اور 40 فٹی روڈ سمیجہ آباد میں 2 کریانہ سٹورز کو ایکسپائری چائے کی پتی فروخت کرنے ، سٹوریج ایریا میں حشرات کی بھرمار پر 35 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ۔ اس کے علاوہ خانیوال میں ملتان روڈ عبد الحکیم میں باربی کیو پوائنٹ کو کھلے مصالحہ جات کے استعمال پر 15 ہزار، غوثیہ چوک اور ٹی چوک عبد الحکیم میں 2 سویٹس اینڈ بیکرز کو مٹھائی میں مردہ مکھیاں پائے جانے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ مزید بوریوالا میں ہنڈا شوروم اور وہاڑی میں جناح روڈ تحصیل آفس کے قریب 2 باربی کیو پوائنٹس کو گندے فریزر میں خوراک کی سٹوریج، آئلنگ کیلئے پینٹ برش کے استعمال، گوشت کی زمین پر سٹوریج، برتنوں کی صفائی کیلئے سرف کا استعمال کرنے پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ۔