ڈپٹی کمشنر کا گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائی سکول کا دورہ
سکول سے ملحقہ اراضی کو ذرائع آمدن کے طور پر استعمال میں لانے کی تجویز پیش
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے گورنمنٹ گرلز پائلٹ ہائی سکول اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن کے دفتر کا دورہ کیا۔ سکولوں میں تعطیلات کے باوجود انہوں نے ادارے کا تفصیلی جائزہ لیا اور دستیاب سہولیات، انتظامی امور اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول میں عدم دستیاب سہولیات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے سائنس اور کمپیوٹر لیب کا جائزہ لیا اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سکول کے مالی امور پر بھی بریفنگ لی اور شفافیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ سکول کے گراؤنڈز کو بہتر بنانے اور طلبہ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ سی ای او ایجوکیشن سردار اختر عباس بلوچ نے سکول سے ملحقہ اراضی کو ذرائع آمدن کے طور پر استعمال میں لانے کی تجویز پیش کی،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ایجوکیشن آفس کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف برانچز کا معائنہ کیا اور دفتری امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں بہتری کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائی جائے اور عوامی سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار اور سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سکولوں کے کھلنے سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے ۔