ضلع خانیوال کے 20دیہات مثالی گاؤں پروگرام میں شامل
اسسٹنٹ کمشنرز ہر ہفتے دورہ ،کاموں کی خود نگرانی کریں، ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ’’سوہنا پنجاب‘‘ کے تحت ضلع خانیوال کے 20دیہات کو مثالی گاؤں پروگرام میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، ایم ڈی واسا، ڈی ڈی لوکل گورنمنٹ اور مثالی گاؤں پراجیکٹ کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پروگرام کے تحت واٹر سپلائی، نکاسی آب و واٹر ٹریٹمنٹ، فٹ پاتھ، سٹریٹ لائٹس اور چلڈرن پارکس جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز ہر ہفتے منتخب دیہات کا دورہ کریں اور جاری کاموں کی خود نگرانی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مثالی گاو ں پراجیکٹ میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے ، اور اس پروگرام کے ذریعے دیہی علاقوں میں شہری طرز کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔