ناجائز تجاوزات اور تاریخی عمارات کے سامنے آویزاں بینرز ہٹانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،اسسٹنٹ کمشنر
بھیرہ(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ وحید حسن گوندل نے کہا کہ ناجائز تجاوزات اور تاریخی عمارات کے سامنے آویزاں بینرز اور پوسٹرز کے خاتمہ، نیز بجلی و ٹیلیفون کی لٹکتی تاروں کو ہٹانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا شہر کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے تاکہ انہیں فوری حل کیا جا سکے وہ بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ وہ خود شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔وحید حسن گوندل نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے نجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات بھی آگے آئیں تاکہ صاف ستھری آب و ہوا میسر آ سکے ۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے بنیادی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔