سکولوں میں بار بار تعطیلات کے با عث طلبہ اور والدین پر یشان

 سکولوں میں بار بار تعطیلات کے با عث طلبہ اور والدین پر یشان

تعلیمی مصروفیات نہ ہونے کی وجہ سے بعض بچے منفی اور غیر نصابی سر گرمیوں میں ملوث

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )سکولوں میں بار بار تعطیلات اور تعلیمی نظام میں تعطل کے باعث طلبہ و طالبات اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔سروے کے دوران شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی غیر ضروری بندش سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر شعبہ ہائے زندگی معمول کے مطابق چل رہے ہیں مگر تعلیم کا شعبہ بار بار رکاوٹوں کا شکار ہو جاتا ہے جو نہ صرف طلبہ بلکہ پورے معاشرے کیلئے نقصان دہ ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ موسمِ گرما کی تعطیلات بھی قریب ہیں ایسے میں پہلے ہی سکولوں کی بندش نے بچوں کو گھروں اور گلی محلوں تک محدود کر دیا ہے ۔ والدین کے مطابق کئی بچے تعلیمی مصروفیات نہ ہونے کے باعث آوارہ گردی، موبائل فون اور غیر مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں ۔ تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ تسلسل کے ساتھ تعلیم کا جاری رہنا نہایت ضروری ہے کیونکہ بار بار تعطیلات طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، نظم و ضبط اور ذہنی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی نظام کو ترجیحی بنیادوں پر مستحکم کیا جائے اور غیر ضروری تعطیلات سے گریز کیا جائے تاکہ طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔ والدین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں