ڈسپوزل آپریٹر ، سیور مین انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھ گئے
22 میں سے 10 بحال ، باقی دربدر ،ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا :متاثرین
موترہ(نامہ نگار)میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں پی ٹی آئی کے دور اقتدارمیں بھرتی ہونیوالے ڈسپوزل آپریٹراور سیور مین انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھ گئے ، 22میں سے 10کا کنٹریکٹ بحال کردیاگیا، 12ڈسپوزل آپریٹر اور سیور مین در بدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہوگئے ۔میونسپل کمیٹی میں پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں آٹھ ڈسپوزل آپریٹر وں اور چودہ سیورمینوں عمیر ارشد’عدیل شاہد’عمر نسیم کھوکھر’کامران علی ’اسد حسین ’سلیم مسیح ’سید مجاہدرضااور سونیاوغیرہ کو بھرتی کیاگیاتھا اوران کی ڈیوٹیاں سٹیڈیم روڈ ’عوامی روڈ اور پسرور روڈ ڈسکہ پر واقع ڈسپوزلوں پر لگائی گئی تھیں، کنٹریکٹ کی بنیاد 3 سال کی تھی اوران کے کنٹریکٹ کی مدت ختم ہوگئی ہے اور ان کا کنٹریکٹ ختم ہونے پر انہیں فارغ کردیاگیا ۔ بتایا گیا ہے کہ جو ڈسپوزل آپریٹر افسر وں کی ملی بھگت سے ڈسپوزلو ں پر ڈیوٹی دینے کے بجائے دفاتر میں بیٹھے ہوئے تھے ان کا کنٹریکٹ بحال کیاگیا ہے اور جو ڈیوٹی دے رہے تھے ان کا کنٹریکٹ بحال نہیں کیا گیا ۔ متاثرہ ملازمین نے بتایاکہ اگر کنٹریکٹ بحال کرناتھا تو سب کاکیاجاتا ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیاگیا ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ ،وزیربلدیات ’کمشنر ’ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔