جنرل ہسپتال :اہم مشینری خراب،مریضوں کو شدید مشکلات
دور دراز سے آنیوالے مریض علاج سے محروم ، مشینری کوٹھیک کرنیکامطالبہ
لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )لاہور جنرل ہسپتال میں طبی سہولیات کا بحران، اہم مشینری کی خرابی پر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، غریب مریض سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ ہسپتال میں آنکھوں کے معائنے کی مشین ایک ہفتے سے خراب ہے جسکے باعث روزانہ بڑی تعداد میں آنیوالے مریضوں کا معائنہ نہیں ہو پا رہا۔ اسی طرح آنکھ کے الٹرا ساؤنڈ کی مشین کا پرنٹر بھی ایک ماہ سے خراب ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے متبادل انتظام نہ ہونے پر مریضوں کو پرنٹ شدہ رپورٹ فراہم کرنے کی بجائے موبائل سے تصویر لیکر دی جا رہی ہے ۔ ایسے مریض جو ٹچ موبائل نہیں رکھتے ، انکے ٹیسٹ روک دیئے جاتے ہیں جس سے غریب مریض شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ہسپتال آنے والے متعدد مریضوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں علاج کی بجائے نئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کئی مریض ٹچ موبائل کی عدم دستیابی پر ادھورا علاج چھوڑ کر گھروں کو واپس جانے پر مجبور ہیں ۔شہریوں اور مریضوں نے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ خراب مشینری کو فوری درست کیا جائے ۔ ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا ہے کہ معاملے کو چیک کیا جا رہا ہے ۔