آئی جی کی ملازمین سے ملاقات ‘مسائل حل کے احکامات
ڈسپلن، پروموشن ، ویلفیئر سے متعلق درخواستوں پر متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری
لاہور (کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنٹرل پولیس آفس میں ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسائل سنے اور فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ۔ لیڈی کانسٹیبل مبین اکرم کی ٹرانسفر کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔سابق سب انسپکٹر اسلم کی اہلیہ کی درخواست پر ڈی پی او رحیم یار خان کو کارروائی کا حکم دیا گیا، مرحوم کانسٹیبل صفدر کی بیوہ کی جانب سے بیٹے کی بھرتی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی۔اسی طرح مرحوم کانسٹیبل شکیل کی بیوہ کی درخواست پر بیٹے کی ٹرانسفر کا معاملہ اے آئی جی ایڈمن کو زیر غور لانے جبکہ لیڈی انسپکٹر طوبیٰ منیر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔