کتے کاٹے سے بچی کی ہلاکت‘ پی پی کا قانونی کارروائی کااعلان
صوبائی وزیر رمیش سنگھ،فیصل میر ودیگر کی ورثاسے ملاقات، انصاف کی یقین دہانی
لاہور (سپیشل رپورٹر،خبر نگار)پیپلز پارٹی لاہور کے صدر فیصل میر نے ٹاؤن شپ میں کتے کے کاٹنے سے 8 سالہ بچی مہر کی ہلاکت پر اسکے والد صابر مسیح کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہاہے کہ پیپلز پارٹی لاہور اس واقعے پر قانونی کارروائی کرے گی۔ مہر کے والد کیساتھ کارپوریشن اور متعلقہ این جی اوز کیخلاف ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جائیگی۔آوارہ کتوں کی ویکسی نیشن اور کنٹرول کارپوریشن کی ذمہ داری ہے لہٰذا اس بچی کی موت کی ذمہ داری بھی متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے ۔عدالت کے ذریعے بچی کے لواحقین کو کارپوریشن سے مناسب دیت دلوائی جائیگی تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے ۔ وہ این جی اوز جو جانوروں کے حقوق یا کتوں کے شیلٹر ہومز کے نام پر فنڈلے رہی ہیں، انہیں بھی کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پی پی رہنما فیصل میر نے مینارِ پاکستان پر شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مجسمے نصب کرنے کیلئے عملی اقدامات کا بھی اعلان کر دیا اورکہا بھٹو کا مجسمہ ایٹم بم کے ماڈل اور بینظیر کا مجسمہ شاہین میزائل کیساتھ مینارِ پاکستان پر نصب کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ بھی بچی کی ہلاکت پر متاثرہ خاندان کے پاس پہنچ گئے ،والدین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے بچی کی قبر پر پھول چڑھائے اور دعابھی کی ۔اس موقع پر ممبرصوبائی اسمبلی طارق مسیح گل، ایڈیشنل سیکرٹری اقلیتی امور اور ضلعی افسر بھی ہمراہ تھے ۔رمیش سنگھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری رپورٹ پیش کرنے اور مؤثر اقدامات کی ہدایت کی اورکہا واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔