ایل ڈی اے :مالی بے ضابطگیوں کا ایک اورمعاملہ سامنے آ گیا
ٹاؤن پلاننگ ونگ اہم کمرشل علاقوں سے ریکوری اہداف حاصل کرنے میں ناکام
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں مالی بے ضابطگیوں کا ایک اورمعاملہ سامنے آ گیا،ٹاؤن پلاننگ ونگ مقررہ ریکوری اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ڈی جی ایل ڈی اے کے واضح احکامات پر عملدرآمد نہ ہو سکا اور واجبات وصولی کا عمل سست روی کا شکار رہا۔ فیروز پور روڈ، ٹاؤن شپ، کچا جیل روڈ، باگڑیاں اور مولانا شوکت علی روڈ جیسے اہم کمرشل علاقوں میں اربوں روپے کی ریکوری نہ ہونا ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق مستقل کمرشل فیس کی مد میں ایک ارب چار کروڑ چھہتر لاکھ وصول نہ کیے جا سکے جبکہ کمرشل فیس کی مد میں مزید تراسی کروڑ ساٹھ لاکھ بھی ریکور نہ ہو سکے ۔ سالانہ کمرشل فیس کی مد میں دس کروڑ بیس لاکھ واجب الادا رہ گئے ۔بلڈنگ پلان اور کمپلیشن سرٹیفکیٹ کی مد میں چھ کروڑ چورانوے لاکھ بھی وصول نہ ہو سکے ۔ان رقوم کی وصولی کی مقررہ مدت گزر چکی ہے مگر ریکوری کا عمل مکمل نہ کیا جا سکا۔مجموعی طور پر ایک ارب بیس کروڑ 91لاکھ روپے کی عدم ریکوری نے سرکاری خزانے کو بڑا نقصان پہنچایا ہے ۔ذرائع کے مطابق ریکوری سسٹم کی کمزوری اور مؤثر نگرانی نہ ہونے سے نادہندگان کو کھلی چھوٹ مل گئی جبکہ ذمہ دار افسروں کیخلاف کوئی نمایاں کارروائی سامنے نہ آ سکی۔