علی پورچٹھہ :بارش نے سیوریج نظام کی قلعی کھول دی
محلہ اسلام آباد کے بازار میں صورتحال انتہائی ابتر،شہری گھر میں محصور ہوگئے
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )بارش نے سیوریج نظام کی قلعی کھول دی،گلیاں بازار تالاب بن گئے ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔تفصیلات کے مطابق بارش سے نکاسی آب کا نظام ناکام ہو گیا اور گندا پانی گلیوں، بازاروں اور مرکزی سڑکوں پر جمع ہو گیا۔ خاص طور پر محلہ اسلام آباد کے بازار میں صورتحال انتہائی ابتر رہی جہاں پورا علاقہ پانی میں ڈوب گیا اور شہریوں کو اسی پانی سے گزرنے پر مجبور ہونا پڑا۔متاثرہ مکینوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بند اور تباہ حال سیوریج سسٹم وبالِ جان بن چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، بچے ، بزرگ اور مریض شدید اذیت کا شکار ہیں جبکہ مساجد تک رسائی بھی مشکل ہو چکی ہے اور نمازیوں کو گندے پانی سے گزر کر جانا پڑ رہا ہے ، متعدد بچے پھسل کر زخمی بھی ہو چکے ہیں۔شہریوں نے مزید بتایا کہ یہ مسئلہ کوئی نیا نہیں بلکہ عرصہ دراز سے موجود ہے مگر متعلقہ ادارے اور عوامی نمائندے محض وعدوں تک محدود ہیں اور عملی اقدامات نظر نہیں آتے ۔ جمع شدہ پانی سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ گھروں کی بنیادیں بھی کمزور ہو رہی ہیں جبکہ سیم و تھور کے باعث گھریلو سامان کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔