ٹورنٹو میں بین المذاہب عید ظہرانہ؛امن اور ہم آہنگی کے فروغ پر زور
دنیا کو امن کی پہلے سے زیادہ ضرورت، انسانیت کی بقا باہمی احترام میں پنہاںیاسمین رتن جی، فادر ارل اسمتھ، ڈاکٹر پال شیفرڈ، محمد رامپوروالا و دیگر کا خطاب
ٹورنٹو (دنیا رپورٹ) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے متحرک شخصیت اور ممتاز مذہبی سکالر علامہ عنایت علی شاکر نے عید انٹر فیتھ ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا مقصد مختلف مذاہب اور طبقات کے درمیان اتحاد، یگانگت اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں کینیڈا کی سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت سمیت مختلف کمیونٹی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابق رکن کینیڈین پارلیمنٹ یاسمین رتن جی، چرچ آف سائنٹولوجی کے فادر ارل اسمتھ، یونائٹڈ چرچ کے ڈاکٹر پال شیفرڈ، بوہری مسلک کے محمد رامپوروالا اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے کینیڈا کے کثیر الثقافتی معاشرے میں صلح اور وحدت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا موجودہ دور میں دنیا کو پہلے سے کہیں زیادہ امن و آشتی کی ضرورت ہے ، کیونکہ انسانیت کی ترقی کا راز صرف باہمی احترام اور سلامتی میں پنہاں ہے۔ بدھ مت کمیونٹی کے رہنما زنجی آچاریہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے پیغام پہنچایا۔ علامہ عنایت شاکر نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔