شیرازی ٹاؤن میں نکاسی آب کا بحران، گندگی کے ڈھیر
شیرازی ٹاؤن میں نکاسی آب کا بحران، گندگی کے ڈھیر مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ،مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)انتظامیہ کی مسلسل چشم پوشی کے باعث بھلوال روڈ سے ملحقہ شیرازی ٹاؤن میں نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے اور گندگی کے ڈھیروں نے اہل علاقہ کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے ، جس کے باعث مکین گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق اس صورتحال کے باعث نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوئی ہے بلکہ علاقے میں صحت و صفائی کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے مکینوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے ۔ نکاسی آب نہ ہونے کے باعث گندا پانی جمع ہو کر جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا ہے ، جس سے اٹھنے والا تعفن شہریوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موذی امراض کے پھیلاؤ کا باعث بن رہے ہیں جبکہ وہ مسلسل دوہرے عذاب کا شکار ہیں اور سانس لینا بھی دشوار ہو گیا ہے ۔ ان کے مطابق بلدیہ سرگودھا کے عملہ کی جانب سے گھروں سے جمع کیا گیا کوڑا تلف کرنے کی بجائے یہیں پھینک دیا جاتا ہے ۔اہل علاقہ نے متعدد بار حکام کو آگاہ کیا مگر کوئی خاطر خواہ کارروائی نہیں کی گئی، جس پر انہوں نے کمشنر سرگودھا سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔