وہاڑی میں مسیحی برادری کا پام سنڈے عقیدت سے منایا گیا

وہاڑی میں مسیحی برادری کا پام سنڈے عقیدت سے منایا گیا

گرجا گھروں میں عبادات، شہر میں امن واک، بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) مسیحی برادری نے وہاڑی میں پام سنڈے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر شہر کے مختلف گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جن میں مرد، خواتین، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی یروشلم آمد کی یاد میں روایتی انداز میں پام سنڈے منایا۔ دی سالویشن چرچ، اے آر پی چرچ، کیتھل چرچ اور فش فارم چرچ سے مسیحی افراد کھجور کی ڈالیاں اٹھائے گرجا گھروں سے نکلے اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر پُرامن واک کی۔واک کے شرکاء نے محبت، رواداری، بھائی چارہ اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و انتظامیہ کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات رہے تاکہ تمام تقریبات پُرامن ماحول میں مکمل ہوں۔ مسیحی رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں اور پام سنڈے محبت، امن اور برداشت کا درس دیتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں