سندھ ، گلگت بلتستان کے گورنرز سیاحت کے فروغ پر متفق

 سندھ ، گلگت بلتستان کے گورنرز سیاحت کے فروغ پر متفق

گلگت بلتستان کا خطہ سیاحت کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ، نہال ہاشمی عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے ، مہدی شاہ

کراچی (این این آئی) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کرتی ہے اور یہ خطہ سیاحت کیلئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سیاحت پاکستان کا مثبت اور خوبصورت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرتی ہے جبکہ سیاحتی مقامات کی ترقی سے معیشت کو تقویت اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں سیاحت، توانائی اور بین الصوبائی ہم آہنگی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع اور مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور نئے منصوبوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ قدرتی حسن سے مالا مال اس خطے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مربوط اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے پائیدار امن و امان بنیادی حیثیت رکھتا ہے ۔دونوں گورنرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحوں کو محفوظ، پُرامن اور سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں