غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے مالکان کو یکم اپریل تک مہلت
شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 30مارچ کی ڈیڈ لائن میں توسیع ،شہری منظور شدہ نمبر پلیٹ لازمی نصب کریں،سندھ پولیس مہم کے دوران پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی،ترجمان
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ لگانے کے خلاف کریک ڈاؤن کے آغاز کی نئی تاریخ سامنے آگئی۔ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر شہریوں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں بشمول موٹرسائیکل پر حکومت کی منظور شدہ نمبر پلیٹ لازمی طور پر نصب کریں۔سندھ بیان میں کہا گیا کہ کراچی میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلیے پولیس کی جانب سے غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ کے خلاف کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر پہلے دی گئی 30 مارچ کی ڈیڈ لائن میں توسیع کرتے ہوئے اب 01 اپریل 2026 تک مہلت دی جا رہی ہے ۔
ترجمان سندھ پولیس نے واضح کیا کہ یکم اپریل 2026 سے اس مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا جس کے دوران پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام شہریوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کیلیے فوری طور پر اپنی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ درست کروا لیں اور صرف سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹ ہی استعمال کریں۔یاد رہے کہ 24 مارچ 2026 کو ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر عوام کو آگاہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی گاڑیوں پر حکومت کی منظور شدہ نمبر پلیٹ لازمی طور پر نصب کریں۔بیان میں کہا گیا تھا کہ پرائیویٹ، فینسی یا غیر منظور شدہ نمبر پلیٹ کا استعمال قانوناً ممنوع ہے جس سے نہ صرف شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ سکیورٹی خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق شہر میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلیے 30 مارچ 2026 سے پولیس کی جانب سے باقاعدہ کریک ڈاؤن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ، اس مہم کے دوران پرائیویٹ یا فینسی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔