ڈپٹی کمشنر کوٹ ادوبلال سلیم کا ہسپتال کا دورہ، سہولتوں کا جائزہ
مریضوں سے ملاقات، ادویات، صفائی اور عملے کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر بیرسٹر بلال سلیم نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منصور قمر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو فرخ محمود کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ دورانِ معائنہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال میں سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ بعض مریضوں نے مسائل کی نشاندہی کی جس پر بیرسٹر بلال سلیم نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ، ادویات کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھی جائے اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے ہسپتال کے انتظامی امور اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔