بارش سے سبزی منڈی پھالیہ پانی میں ڈوب گئی

بارش سے سبزی منڈی پھالیہ پانی میں ڈوب گئی

نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث متعدد مقامات پر کیچڑ،شہریوں کو مشکلات

پھالیہ(نامہ نگار)حالیہ بارش سے سبزی منڈی پھالیہ پانی میں ڈوب گئی۔گزشتہ شب ہونے والی بارش کے بعد سبزی منڈی میں جگہ جگہ کھڑا پانی تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ نکاسی آب کا انتظام نہ ہونے کے باعث متعدد مقامات پر کیچڑ جمع ہوگیا ، سبزی منڈی کی ابتر صورتحال کے باعث نہ صرف یہاں آنے والے خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ د کاندار اور آڑھتیوں کے کاروبار بھی متاثر ہورہے ہیں۔ سبزی و فروٹ منڈی میں بارش کے پانی کے باعث تعفن پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے مچھر اور مکھیاں پیدا ہو رہی ہے جس سے سبزی منڈی میں مختلف بیماریاں پھیلنے کا بھی خدشہ ہے سبزی منڈی کے ذیلی راستوں پر کیچڑ اور بارش کے پانی کے باعث سبزیاں اور پھل لے کر آنے والی گاڑیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ سبزی منڈی کے تاجروں نے بارش کے بعد سبزی و فروٹ منڈی کی حالت کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر منڈی سے بارش کے پانی کی نکاسی کے مستقل انتظامات کئے جائیں، سبزی منڈی سے کیچڑاور گندگی کے ڈھیر صاف کئے جائیں جبکہ فوری طور پر منڈی میں جراثیم کش سپرے بھی کرایا جائے تا کہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ نہ ہو۔ تاجروں کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹ کمیٹی سبزی منڈی کی صفائی ستھرائی میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے ، بارش کے بعد ہر بار کی طرح سبزی منڈی میں کچرے اور غلاظت کے ڈھیر لگنا معمول بن گیا ، گندگی اور کیچڑ کے باعث خریدار سبزی منڈی آنے سے کترا رہے ہیں۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ سنجیدگی کے ساتھ منڈی میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کرے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں