علی پور چٹھہ: لٹکے تار، ننگے جوڑ، شہریوں کیلئے خطرہ
کئی مقامات پر گھروں کی چھتوں کیساتھ لگے ہوئے ہیں جو مکینوں کیلئے مستقل خطرہ بن چکے ،شکایات کے با وجود گیپکو حکام خاموش ،شہریوں کا شدید احتجاج
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )بے ہنگم لٹکتے بجلی کی تار، ننگے جوڑ شہریوں کیلئے خطرہ بن گئے ،شارٹ سرکٹ معمول، صارفین سراپا احتجاج بن گئے ۔ علی پور چٹھہ کے بیشتر محلوں میں بجلی کے تار انتہائی بوسیدہ اور بے ہنگم انداز میں لٹک رہے ہیں جبکہ جگہ جگہ ننگے جوڑ کسی جان لیوا حادثے کا با عث ہو سکتے ہیں ۔ کئی مقامات پر تار گھروں کی چھتوں کے ساتھ لگے ہو ئے ہیں جو مکینوں کیلئے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ برسات کے موسم میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے جب گھروں میں ارتھ آ جانے کے واقعات معمول بن جاتے ہیں۔ بازاروں میں ٹریفک کے دباؤ کے باعث آئے روز تاروں کے ٹوٹنے کے واقعات بھی رپورٹ ہو رہے ہیں جس سے نہ صرف بجلی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے بلکہ انسانی جانوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود سنگین مسئلے کے حل کیلئے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ شہریوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقے کے منتخب نمائندے وفاقی سطح پر فنڈز حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے باعث برسوں پرانا بجلی کا نظام مزید بوسیدہ ہوتا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے پارلیمان سے مراعات تو حاصل کر رہے ہیں لیکن حلقے کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات نظر نہیں آتے ۔شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بجلی کے نظام کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے ، خطرناک تاروں اور ننگے جوڑوں کو درست کیا جائے اور جدید و محفوظ انفراسٹرکچر فراہم کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔