وزیراعظم ، فیلڈ مارشل نے خطے کو تباہی سے بچالیا :بلال تارڑ
حکمت عملی سے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے سے پاکستان کا مثبت کردار نمایاں ہوا
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں بھرپور کردار پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت سفارتی کوششوں نے ممکنہ بڑے تنازع کو ٹال کر خطے کو تباہی سے بچالیا، دانشمندانہ حکمت عملی سے مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت کردار نمایاں ہوا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے امن، مکالمہ اور علاقائی استحکام کے لیے مو ثر کردار ادا کیاہے ۔ایم این اے بلال فاروق تارڑ،ممتاز سماجی شخصیت فیصل چیمہ آف اٹلی کی طرف سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔اس موقع پر امتیاز اظہر باگڑی،انصر محمود سندھو ،یاسر چیمہ ودیگر بھی موجودتھے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ اور ایران کی جنگ بندی کروانا بہترین سفارت کاری ہے اور اس اقدام کو نوبیل امن انعام کے لیے مثالی کیس قرار دیا جائے یہ کامیابی اعلیٰ درجے کی دانشمندی اور تعمیری سفارتکاری کی عکاس ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو مضبوط بناتی ہے ۔