ڈپٹی کمشنر گجرات کی زیرصدارت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر گجرات کی زیرصدارت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ

پولیومہم پر بھی اجلاس ،نورالعین قریشی نے گلیانہ میں بھی ترقیاتی کام کامعائنہ کیا

گجرات‘گلیانہ(سٹی رپورٹر‘نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس ہوا۔ ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ظہور الٰہی اسٹیڈیم ڈسپوزل سٹیشن، ایچ ڈی پی ای پائپس کی تنصیب، بغداد کالونی، رحمان شہید روڈ، پھلروان چوک، مغل کالونی اور دیگر علاقوں میں آر سی سی سیوریج لائنز بچھانے کے کام کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح محلہ شاہ حسین، جی ٹی روڈ کلرہ اور دیگر علاقوں میں ڈیسلٹنگ پر بریفنگ دی گئی۔ مدینہ سیدہ اور اسٹیڈیم ڈسپوزل اسٹیشن پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی نے گلیانہ کا بھی دورہ کیا اورنالہ تعمیر کے جاری کام کا جائزہ لیا اورکنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ منصوبہ جلد مکمل کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین نے واسا ٹیم کے ہمراہ لوراں چوک گجرات میں PDPکے تحت جاری ترقیاتی منصوبے کا بھی جائزہ لیا کیا۔ صدر مسلم لیگ (ق) سٹی گجرات علی ابرار جورا بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا ،آئندہ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید عطا المنعم نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیو مہم 13 سے 15 اپریل تک جاری رہے گی ،ضلع بھر میں 4 لاکھ 57 ہزار 259 بچوں کو کور کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں