جی سی ویمن یونیورسٹی کا چھٹا کانووکیشن، 2722 ڈگریاں تقسیم
نمایاں کارکردگی پر 98 طالبات کو میڈلز سے نوازا گیا،32 کو گو لڈ میڈل دیا گیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں چھٹا سالانہ کانووکیشن منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغئہ امتیاز) نے بطور نمائندہ چانسلر/گورنر پنجاب کی حیثیت سے کی۔تقریب میں ایم پی اے قدسیہ بتول، وائس چانسلر جی سی یو ایف، ریکٹر یونیورسٹی آف فیصل آباد، صدر چیمبر آف کامرس اور صدر ویمن چیمبر آف کامرس سمیت تعلیمی و صنعتی شعبے کی اہم شخصیات، سابق طالبات اور طالبات کے والدین نے شرکت کی۔وائس چانسلر نے کامیاب گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے طالبات کو چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے ، سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور محفوظ ڈیجیٹل شہری بننے کی بھی تلقین کی۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کی اہم کامیابیوں اور سالانہ رپورٹ بھی پیش کی ۔کانووکیشن میں مجموعی طور پر 2,722 ڈگریاں تفویض کی گئیں، جن میں 12 پی ایچ ڈی، 148 ایم فل، 123 اے ڈی پی/بی ایڈ اور 2,439 بی ایس ڈگریاں شامل ہیں۔ نمایاں کارکردگی پر 98 طالبات کو میڈلز سے نوازا گیا، جن میں 32 گولڈ، 37 سلور اور 29 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔