ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کا مختلف عوامی مقامات کا دورہ
شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے :ڈی سی
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے مختلف عوامی مقامات کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیکو پارک، جنرل بس اسٹینڈ، شکر گنج پارک، صدر بازار سمیت اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ٹیکو پارک میں مصنوعی جھیل، واکنگ ٹریک اور بچوں کے جھولوں کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے ۔صدر بازار کے دورے کے دوران انہوں نے سیوریج سسٹم کی بہتری، شیڈز، اسٹریٹ لائٹس اور ٹف ٹائلز کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تاجروں اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے ۔جنرل بس اسٹینڈ کے دورے کے دوران مسافروں کی سہولت، صفائی اور تزئین و آرائش کے کام کا بھی جائزہ لیا گیا ۔