مریم نواز کا ویژن بہت کلیئر ہے

مریم نواز کا ویژن بہت کلیئر ہے

پاکستان کی دنیا میں قیام امن کے لیے کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ پاکستان کی کامیاب اور خاموش سفارتکاری کی بدولت ایران اور امریکہ میں سیز فائر ممکن ہوا ہے۔

 پاکستان نے دنیا میں ایک کامیاب سفارتی ملک کے طور اپنا صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ آج پوری دنیا پاکستان کی مخلص کاوشوں کو کھلے دل سے تسلیم کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف‘ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مسلسل کئی روز سے جاری محنت رنگ لائی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی بڑھی تو اس کے اثرات پاکستان تک بھی پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔

 ’’سیاست عبادت کا دوسرا نام ہے‘‘ یہ محاورہ اکثر سننے کو ملتا تھا لیکن گزشتہ دو سال کے دوران یہ محاورہ پنجاب میں حقیقت کا رنگ لیتے دکھائی دے رہا ہے۔ ملک میں ایک منظم سازش کے تحت لوگوں کا سیاست سے اعتماد اٹھانے کی کوشش کی گئی۔ ان میں مایوسی اور نفرت کا بیج بونے کی کوشش کی گئی۔ انہیں محسوس ایجنڈے کے تحت تقسیم کرنے کی بھی ناکام کوشش کی گئی‘ لیکن مریم نواز کی لیڈر شپ نے صرف دو سال کے عرصے میں پنجاب سے مایوسی‘ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیا۔ اور آج پنجاب کے لوگ کھلے دل کے ساتھ مریم نواز کی لیڈر شپ پر لبیک کہہ رہے ہیں۔ مریم نواز نے قومی خزانے کا درست استعمال کر کے ثابت کیا ہے کہ عوام کے ذہنوں میں جو نفرت پیدا کی گئی تھی وہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ کر کے مریم نواز لوگوں کے دلوں میں گھر کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ عالمی سطح پر حالات کشیدہ ہونے کے بعد پاکستان میں بھی معاشی اور توانائی کے بحرانوں کا خدشہ تھا لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے بروقت اور مشکل فیصلے کیے جس کی وجہ سے پاکستان میں کسی قسم کا معاشی اور توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلوں کو عملی جامہ حکومت پنجاب نے پہنایا ہے۔ پنجاب میں سب سے پہلے کفایت شعاری پلان پر عمل درآمد کیا گیا۔ حکومت پنجاب نے پہلے مرحلے میں کابینہ اور پارلیمانی سیکرٹریوں کی تنخواہوں میں دو ماہ کی کٹوتی کی۔ اس کے ساتھ سرکاری افسران نے بھی تنخواہوں میں کٹوتی کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے دن سے ہی بطور وزیراعلیٰ اپنی تنخواہ وصول نہیں کرتی ہیں۔ پنجاب کابینہ کا پٹرول مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور سرکاری افسران کا بھی پٹرول کم کیا گیا۔ اس پر عمل درآمد ہوتا ہوا بھی عوام کو نظر آیا۔ 

اگر ریلیف پیکیج کی بات کی جائے تو پنجاب نے باقی صوبوں کی نسبت سب سے بڑا ریلیف اپنے عوام کو دیا ہے۔ پٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں چلنے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ فری کر دی‘ جس میں اور نج لائن ٹرین‘ میٹرو بس سروس‘ سپیڈو بس سروس اور گرین الیکٹرک بسیں شامل ہیں‘ جن میں روزانہ لاکھوں افراد مفت سفر کر رہے ہیں۔ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ فری ہونے کے باعث ان میں سفر کرنے والوں کی تعداد میں 60فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں روزانہ تقریباً پانچ لاکھ 28ہزار سے زیادہ مسافر مفت سفر کر رہے ہیں۔ تمام میٹرو بس کے سٹیشن اور دیگر بس سٹینڈز پر لوگوں کا رش ثابت کرتا ہے کہ حکومت پنجاب نے بروقت درست فیصلہ کیا تھا جس کی بدولت عوام کی ایک بڑی تعداد روزانہ اس سہولت سے مستفید ہو رہی ہے۔ پنجاب کی نسبت باقی صوبوں میں ٹرانسپورٹ کی کمی تھی اس لیے ان صوبوں نے عوام کو فری سفری سہولت فراہم نہیں کی۔ مریم نواز اپنے ہر منصوبے میں کسانوں کو سر فہرست رکھتی ہیں۔ مریم نواز کا کوئی بھی ایسا منصوبہ نہیں جس میں کسانوں کو شامل نہ کیا گیا ہو۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کاشتکاروں کو فی ایکڑ دس لٹر ڈیزل پر فی لٹر 150روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا۔ پنجاب کا کسان پاکستان کا محسن ہے۔ پنجاب میں پیدا ہونے والی فصلیں اور اجناس ملکی ضروریات پوری کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی لیے 

مریم نواز اپنے ہر منصوبے میں کسان بھائیوں کو سر فہرست رکھتی ہیں‘ اسی لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جہاں پبلک ٹرانسپورٹ فری کی وہاں کسانوں کے لیے بھی ریلیف پیکیج کے اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل سواروں کے لیے بھی پٹرول سبسڈی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ تمام رجسٹرڈ موٹر سائیکل والوں کو دو ہزار روپے کی ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں موٹر سائیکل رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس بھی ختم کر دی ہے۔ رمضان میں ’’مریم کو بتائیں‘‘ ایپ کو متعارف کرانے کا تجربہ بہت کامیاب رہا تھا جس سے ہزاروں افراد نے 10ہزار فی کس حاصل کیے تھے‘ اسی ایپ کو دوبارہ موٹر سائیکل والے افراد کو سبسڈی دینے کے لیے پروگرام کیا گیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے ہزاروں لوگ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گڈز ٹرانسپورٹر کو بھی اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا بلکہ ان کو بھی بڑا ریلیف دیا ہے۔ پنجاب میں رجسٹرڈ گڈز ٹرانسپورٹر کے لیے 70ہزار روپے‘ بڑی گاڑیوں کے لیے 80ہزار روپے جبکہ پبلک سروس بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی رکھی گئی ہے جو ان کا مالی بوجھ کم کر سکے گی۔ مریم نواز عوام کو ریلیف دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہیں۔ وہ اپنے والد میاں نواز شریف کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔ عوام کو سہولیات فراہم کر کے مریم نواز دلی طور پر سکون محسوس کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جتنے بھی منصوبوں کا آغاز کرتی ہیں ان کے ثمرات عملی طور پر عوام تک خود پہنچاتی ہیں۔ مریم نواز کا طرزِ سیاست بہت واضح ہے وہ ہر مشکل وقت میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر محسوس کرتی ہیں کیونکہ انہوں نے خدمت کی سیاست اپنے گھر سے سیکھی ہے۔ سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور جذباتی تقریروں کے سہارے سیاست کرنے والے لوگ کبھی عوام کے خیر خواہ نہیں ہوتے۔ مریم نواز کا ویژن بہت کلیئر ہے۔ وہ پنجاب کو جنوبی ایشیا میں ایک ترقی یافتہ صوبے کے طور پر منوانے کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مریم نواز کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ان کی گڈ گورننس‘ میرٹ اور شفافیت کی مثالیں انٹرنیشنل میڈیا بھی دے رہا ہے۔ پنجاب کے عوام جان چکے ہیں کہ مریم نواز ہی ان کے مسائل حل کر سکتی اور پنجاب کو ایک خوبصورت اور ترقی یافتہ صوبہ بنا سکتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں