انسداد پولیومہم کو کامیاب بنایا جائے ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی
فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں ،اجلاس سے خطاب
راولپنڈی (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت 13 تا 16 اپریل تک شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر راولپنڈی عبدالرحمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈبلیو ایچ او کی کوآرڈینیٹر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور پری کیمپین سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران مائیکرو پلاننگ، ٹیموں کی تعیناتی، کولڈ چین مینجمنٹ اور حساس علاقوں میں خصوصی حکمت عملی پر روشنی ڈالی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے ۔ فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اور مقررہ اہداف ہر صورت مکمل کیے جائیں۔