جی بی کی شاہراہوں پر ایمرجنسی سروسز 1122 فراہم کرینگے ،علیم خان
وفاقی وزیر سے گورنر جی بی کی ملاقات ،جنگ بندی پر پاکستان کی سفارتی کامیابی پر مبارکباد
اسلام آباد(نیوز رپورٹر) گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم سے ملاقات کی ،باہمی دلچسپی کے مختلف اموربالخصوص انفراسٹرکچر اور شاہراہوں کی بہتری سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کی عزت و تکریم میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ۔ملاقات میں مانسہرہ، ناران، کاغان اور بابو سر ٹاپ سے جھال کھنڈ تک مجوزہ موٹروے منصوبے پر گفتگو ہوئی۔ عبدالعلیم نے کہا کہ یہ موٹروے شاہراہِ قراقرم کا متبادل ثابت ہوگی اور اس سے فاصلہ 100کلومیٹر کم ہو جائے گا جس سے سفر میں آسانی اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ گورنر نے محکمہ مواصلات سے متعلق مختلف مسائل کی نشاندہی کی جس پر وفاقی وزیر نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے گلگت بلتستان کی شاہراہوں پر ایمرجنسی سروسز 1122 کی فراہمی کا وعدہ کیا۔