میٹرک امتحانات،بوٹی مافیا کیخلاف کریک ڈائون کا آغاز

 میٹرک امتحانات،بوٹی مافیا کیخلاف کریک ڈائون کا آغاز

بے ضابطگی پر سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، نگران عملہ،آئی ٹی ٹیچر کو ہٹا دیا گیا

راولپنڈی(خصوصی نامہ نگار) کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی عامر خٹک نے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے بوٹی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی سطح پر کوتاہی برداشت نہ کی جائے ۔کمشنر کی ہدایت پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر نے گورنمنٹ ہائی سکول گھوڑا گلی، مری میں قائم میٹرک پہلا سالانہ امتحان کے امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں کیمسٹری اور جنرل سائنس کے پرچے جاری تھے ۔ دورانِ معائنہ امتحانی ہال سے متصل ایک خالی کمرے کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا، جہاں تین امیدواروں (رول نمبر 952621، 952613 اور 952668) کی حل شدہ جوابی کاپیاں آئی ٹی ٹیچر کے قبضے سے برآمد ہوئیں جبکہ موقع پر کوئی امیدوار موجود نہیں تھا۔ابتدائی طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ امیدوار پرچہ مکمل کر کے جا چکے ہیں، تاہم حقائق اس کے برعکس پائے گئے کیونکہ پرچہ شروع ہوئے ابھی نصف وقت بھی مکمل نہیں ہوا تھا، کنٹرولر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، نگران عملہ اور متعلقہ آئی ٹی ٹیچر سمیت پانچ اہلکاروں کو موقع پر ہی امتحانی ڈیوٹی سے ہٹا دیا۔کمشنر نے اس واقعے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ امتحانی عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی، بدانتظامی یا بوٹی مافیا کی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں