ڈپٹی کمشنر کا میلسی میں مختلف اداروں کا دورہ ، سہولیات کا جائزہ
مویشی منڈی، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور بس اسٹینڈ میں انتظامات تسلی بخش قرار
وہاڑی ،میلسی (خبرنگار، نمائند ہ خصوصی ،نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے میلسی میں مویشی منڈی، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور بس اسٹینڈ کا اچانک دورہ کیا اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مویشی منڈی میں انہوں نے لائیو اسٹاک، صحت، ستھرا پنجاب، ریسکیو 1122، شکایتی سیل اور پولیس کیمپس کی فعالیت چیک کی اور جانوروں کیلئے چارہ، پانی، بیوپاریوں کیلئے شیڈز اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دوران بیوپاریوں اور خریداروں نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کسی قسم کی اوورچارجنگ کی شکایت نہیں کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مویشی منڈیوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے ۔ بعد ازاں انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے ، ادویات کی دستیابی اور صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو مریضوں سے خوش اخلاقی اور بہتر سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ بعد میں انہوں نے بس اسٹینڈ کا بھی دورہ کیا اور ٹرانسپورٹرز کو کرایہ نامے نمایاں رکھنے اور مسافروں سے بہتر رویہ اختیار کرنے کی ہدایت کی۔