جرمن سفیر کا نمل کا دورہ، تعلیمی و ثقافتی تعاون کے امکانات پر گفتگو

 جرمن سفیر کا نمل کا دورہ، تعلیمی و ثقافتی تعاون کے امکانات پر گفتگو

نمل کے تعلیمی پروگراموں اور جدید زبان آموزی کے طریقہ کار میں گہری دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد(دنیا رپورٹ )پاکستان میں وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سفیر، اینا لیپل نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کا دورہ کیا، انہوں نے یونیورسٹی قیادت سے ملاقات کی اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔جرمن سفیر کا استقبال ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) شاہد محمود کیانی، ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر رفیق خان اور یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام نے کیا۔ ریکٹر نمل نے زبانوں کی تعلیم کے حوالے سے یونیورسٹی کے وڑن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نمل کے زبانوں کے پروگرام محض لسانی مہارت تک محدود نہیں بلکہ مختلف ثقافتوں کو سمجھنے ، عالمی شعور اجاگر کرنے اور بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی ہیں۔ انہوں نے ملک بھر میں نمل کے مختلف کیمپسز میں زبانوں کے پروگراموں کی توسیع کا ذکر کیا اور اس امر پر زور دیا کہ یونیورسٹی کا کوالٹی انہانسمنٹ سیل مسلسل نگرانی اور بہتری کے ذریعے تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔اینا لیپل نے نمل کے تعلیمی پروگراموں اور جدید زبان آموزی کے طریقہ کار میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں