کھاد کی قلت نہیں ، 10لاکھ ٹن سے زائد یوریا موجود، رانا تنویر

 کھاد کی قلت نہیں ، 10لاکھ ٹن سے زائد یوریا موجود، رانا تنویر

ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری ، مصنوعی قلت برداشت نہیں کی جائیگی ، خطاب

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ عالمی منڈی میں کھادوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، علاقائی کشیدگی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان یوریا کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ، کھاد کی کہیں بھی قلت نہیں ، 10 لاکھ ٹن سے زائد یوریا موجودہے ۔ جمعہ کو ان خیالات کا اظہارانہوں نے کھادوں کی دستیابی، قیمتوں اور ترسیل کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے نمائندوں کے علاوہ بڑی کھاد ساز کمپنیوں اور درآمد کنندگان نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیرنے کہا ملک کے تمام دس کھاد کارخانے مکمل طور پر فعال ہیں اور اس وقت مارکیٹ میں دس لاکھ ٹن سے زائد یوریا دستیاب ہے ۔ انہوںنے بعض علاقوں میں کھاد کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کو ہدایت کی کہ مارکیٹ کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور قیمتوں میں کسی بھی غیر ضروری اضافے کو روکا جائے ، ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری یا مصنوعی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں