میپکو اہداف عید سے قبل حاصل کرنے کا ٹاسک ، خصوصی ٹیمیں تشکیل

 میپکو اہداف عید سے قبل حاصل کرنے کا ٹاسک ، خصوصی ٹیمیں تشکیل

100فیصد ریکوری کیلئے تمام دستیاب وسائل، افرادی قوت کو متحرک کرنے کی ہدایت، سرکاری اداروں، رننگ ڈیفالٹرز،مستقل نادہندگان سے واجبات وصول کئے جائیں،گل محمد زاہد

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ ماہانہ ریکوری اہداف کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات تیز کئے جائیں۔ریکوری کے 100فیصد اہداف حاصل کرنے کے لئے عیدالاضحی تک فیلڈ میں آپریشن جاری رکھاجائے ۔ ریکوری میں موجود خلا کو پورا کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو جنگی بنیادوں پر متحرک کیا جائے ۔تمام آپریشن سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز ذاتی طور پر ریکوری مہم کی نگرانی کریں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ ایکسین، ایس ڈی اوز،ریونیو آفیسرز اور متعلقہ ریکوری ٹیمیں مکمل طور پر فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بقایاجات کی وصولی ممکن بنائی جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آپریشنل ،کمرشل/ٹیکنیکل،ریونیو آفیسرز کے ریکوری سے متعلق آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ڈپٹی کمرشل منیجرز، ایکسین، ریونیو آفیسرز اور سب ڈویژنل آفیسرز نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ ریکوری آپریشن کے دوران بڑے نادہندگان، سرکاری اداروں اورمستقل نادہندگان، رننگ ڈیفالٹرز، منقطع شدہ صارفین سے ریکوری اور طویل عرصے سے زیر التواء بقایاجات کی کلیئرنس کو اولین ترجیح دی جائے ۔ اس مقصد کیلئے تمام سرکلز اور ڈویژنز کو مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیارکی جائے ۔ کسی بھی سطح پر سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام سرکل مانیٹرز/چیف انجینئرز کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر ریکوری پیش رفت کا جائزہ لیا جائے ۔ فیلڈ سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ اور باقی ماندہ دنوں میں ریکوری مہم کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے مقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں