ناکافی سہولیات ، انتظامیہ ٹرانسپورٹ مافیا کے سامنے بے بس

 ناکافی سہولیات ، انتظامیہ ٹرانسپورٹ مافیا کے سامنے بے بس

انٹرٹینمنٹ اور سفری سہولیات کے نام پر کرایوں کے ساتھ اضافی رقوم وصول کی جا رہی ، مسافروں کو شدید مشکلات

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے بااثر اور ہائی پروفائل تعلقات کے حامل ٹرانسپورٹ مافیا کے سامنے مبینہ طور پر بے بسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرٹینمنٹ اور سفری سہولیات کی فراہمی کے نام پر کرایوں کے ساتھ اضافی رقوم وصول کی جا رہی ہیں، تاہم دورانِ سفر مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ اس صورتحال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق کورونا وبا کے دوران 2020 میں احتیاطی تدابیر کے تحت بسوں اور لگژری گاڑیوں میں انٹرٹینمنٹ اور کھانے پینے کی سہولیات عارضی طور پر بند کی گئی تھیں، تاہم اس کے بعد کئی سال گزرنے کے باوجود یہ سہولیات بحال نہیں ہو سکیں، جبکہ ان کی مد میں وصول کیے جانے والے اضافی چارجز کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فیصل آباد کے جی ٹی ایس چوک، ریلوے اسٹیشن چوک، جیل روڈ، لاری اڈا روڈ، اکبرآباد چوک، نڑوالا روڈ اور دیگر مقامات سے چلنے والی لگژری گاڑیوں میں پہلے جوسز، بسکٹس، چپس اور دیگر اشیاء فراہم کی جاتی تھیں، جو اب مبینہ طور پر بند کر دی گئی ہیں۔مسافروں کے مطابق اضافی کرایہ تو بدستور وصول کیا جا رہا ہے ، تاہم سہولیات مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں۔ متعدد شکایات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ یا تو انٹرٹینمنٹ اور سفری سہولیات دوبارہ بحال کی جائیں، یا پھر ان کی مد میں وصول کیے جانے والے اضافی کرایوں کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ مسافروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں