محرم الحرام سکیورٹی پلان‘ انتظامات سخت کرنیکی ہدایت
ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی زیر صدارت اجلاس، صفائی و سکیورٹی پر زور
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا،نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کی سکیورٹی، صفائی ستھرائی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور کنٹرول رومز کے قیام سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم حمید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین، ایم ڈی واسا بلال فیروز جوئیہ، اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل، پنجاب فوڈ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور سول ڈیفنس سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے کنٹرول رومز سے نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے ستھرا پنجاب ایجنسی کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے اطراف، جلوسوں کے راستوں، گلیوں اور سڑکوں کی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔