ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کا بیوٹیفکیشن منصوبوں پر کام تیز کرنے کا حکم
فرنیچر مارکیٹ اور جھنگ روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی واثق عباس ہرل، میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کے ہمراہ فرنیچر مارکیٹ اور جھنگ روڈ پر جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا دورہ کیا اور ترقیاتی و خوبصورتی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہیں جاری منصوبوں کی پیشرفت، معیار اور تکمیل کی متوقع مدت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات پر جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی، شجرکاری، گرین بیلٹس، تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کو بہتر ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ کاموں کو مزید تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور کنٹریکٹرز کو تاکید کی کہ تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ شہری جلد از جلد ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کو ایک صاف ستھرا، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کے لیے بیوٹیفکیشن منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔