وفاق کراچی کیلئے 500 ارب کے پیکیج کا اعلان کرے ،جماعت اسلامی

وفاق کراچی کیلئے 500 ارب کے پیکیج کا اعلان کرے ،جماعت اسلامی

کراچی بجٹ میں 62 فیصد حصہ ڈالتا، منصوبوں میں جائز حق کیوں نہیں دیا جاتا،سیف الدینصوبائی بجٹ میں ہر ٹاؤن کو 5ارب روپے دیے جائیں، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے وفاقی بجٹ ، سندھ کے آنے والے بجٹ اور کراچی کو درپیش سنگین مسائل کے حوالے سے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی وفاقی حکومت کے بجٹ میں 62 فیصد حصہ ڈالتا ہے ، آخر کیوں ترقیاتی منصوبوں میں کراچی کو اس کا جائز حق نہیں دیا جاتا،شہری اس وقت پانی کے شدید بحران، صفائی،ستھرائی، ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی خستہ حالی و انفرا اسٹرکچر کی تباہ حالی،تعلیم اور صحت سمیت دیگر مسائل کا شکار ہیں، وفاقی حکومت کراچی کے لیے کم از کم 500 ارب روپے کے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے ، سندھ حکومت اپنے بجٹ میں ہر ٹاؤن کے لیے کم از کم5 ارب روپے مختص کرے ، اگر ایم کیو ایم واقعی کراچی کے حقوق کی دعویدار ہے تو اسے ایسے بجٹ کی منظوری پر کابینہ سے احتجاجاً واک آؤٹ کرنا چاہیے تھا، گزشتہ سال وفاق نے کے فور کے لیے صرف 3.2 ارب روپے فراہم کیے جبکہ رواں بجٹ میں 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں، حالانکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے کم از کم 40 ارب روپے درکار ہیں، گرین لائن فیز ٹو کے لیے 6 ارب روپے کی ضرورت ہے لیکن وفاقی حکومت نے محض 1.9 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

گزشتہ سال اربن انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پیکیج کے تحت 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے لیکن ان فنڈز سے کراچی میں کوئی نمایاں ترقیاتی کام نہیں ہوا، اسے سیاسی رشوت کے لئے استعمال کیا گیا، ایم کیو ایم کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ رواں سال بھی 20 ارب روپے رکھے گئے ہیں مگر صرف 7.5 ارب روپے جاری کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کراچی ملک کی معیشت کا سب سے بڑا مرکز ہونے کے باوجود مسلسل حکومتی ناانصافیوں کا شکار ہے ، وفاق و صوبہ کوئی کراچی کی اونر شپ لینے کو تیار نہیں،سندھ حکومت ترقیاتی فندز بلدیاتی اداروں کو دینے کو تیار نہیں ، اس نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں اور وسایل پر قبضہ کر لیا ہے ، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تینوں اندر سے ایک ہیں، سب کا ایک ہی ایجنڈا ہے ۔ ان کا کہنا تھا سندھ حکومت نے 2022 کے سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ مکانات کی تعمیر کا دعویٰ کیا ہے ،حکومت ان کی لوکیشن عوام کے سامنے پیش کرے ۔پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری توفیق الدین صدیقی،رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں