وزیر اعلیٰ نے نو تعمیر عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا

وزیر اعلیٰ نے نو تعمیر عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا

منصوبہ شاہراہ بھٹو سے شارع فیصل، ایئرپورٹ تک براہ راست رابطہ فراہم کرے گابڑا منصوبہ صرف 90 دن میں مکمل کرنا ہمارے عزم و صلاحیت کا ثبوت،مرادشاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اتوار کو نو تعمیر شدہ عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔ یہ اہم شہری انفرااسٹرکچر منصوبہ شاہراہ بھٹو، شاہ فیصل کالونی، شارعِ فیصل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے تعمیر کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ اور میئر مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے باقاعدہ طور پر فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے کھول دیا اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی نے 100 دن کی مقررہ مدت کے مقابلے میں یہ منصوبہ ریکارڈ 90 دنوں میں مکمل کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کے لیے نقل و حرکت کو نمایاں طور پر خصوصاً کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، شاہراہ بھٹو اور کراچی ایئرپورٹ کے درمیان سفر کرنے والوں کے لیے بہتر بنائے گا،یہ نیا راستہ شہر کے مصروف ترین چوراہوں میں سے ایک ہے اور یہ منصوبہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرے گا ،شاہراہ بھٹو سے شاہ فیصل، شارعِ فیصل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک براہ راست رابطہ فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کراچی پاکستان کی معیشت کا مرکز ہے اور اس کے ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کی بہتری اقتصادی ترقی، عوامی سہولت اور شہری ترقی کے لیے ناگزیر ہے ۔

وزیراعلیٰ نے وزیر بلدیات ، میئر کراچی اور کے ایم سی کی انجینئرنگ ٹیم کو مقررہ وقت میں منصوبہ مکمل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا اتنے بڑے منصوبے کو صرف 90 دنوں میں مکمل کرنا ہمارے بلدیاتی اداروں کے عزم اور صلاحیت کا ثبوت ہے ، کراچی کے عوام جدید انفرااسٹرکچر کے مستحق ہیں اور ہم ایسے منصوبوں میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے جو ان کے معیار زندگی کو بہتر بنائیں۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، میئر مرتضیٰ وہاب نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا عظیم پورہ پل کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے عمل کو تیز کر دیا ہے ، گزشتہ چار سے چھ ماہ کے دوران حکومت نے متعدد بڑے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے ، جن میں شاہراہ بھٹو، کورنگی کاز وے پل، بھینس کالونی پل، مینا بازار منصوبہ اور دیگر اہم اسکیمیں شامل ہیں۔ سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی ایک وقت ایسی جماعت کے حوالے کر دیا گیا تھا جو صرف لڑائی جھگڑا کرنا جانتی تھی اور آج اس جماعت کے رہنما آپس میں ہی لڑنے میں مصروف ہیں۔

وزیراعلیٰ نے سکھر۔حیدرآباد موٹروے منصوبے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے 30 ارب روپے مختص کیے جانے کا خیرمقدم کیاتاہم انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت نے واپڈا کو موجودہ مالی سال کے دوران کے فور منصوبہ مکمل کرنے کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم نہیں کیے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں