کراچی:پولیس مقابلہ،زخمی کار لفٹرز 2مسروقہ گاڑیاں چھوڑ کرفرار

کراچی:پولیس مقابلہ،زخمی کار لفٹرز 2مسروقہ گاڑیاں چھوڑ کرفرار

گلستان جوہر پولیس گزشتہ 20 گھنٹوں سے نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر میں کار لفٹرز سے پولیس کا مقابلہ، دو مسروقہ گاڑیاں برآمد، ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق ایسٹ زون کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اور مبینہ کار لفٹرز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لی گئیں، جبکہ متعدد ملزم زخمی حالت میں فرار ہوگئے ۔ پولیس ترجمان کے مطابق گلستان جوہر پولیس گزشتہ 20 گھنٹوں سے کار لفٹرز کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ اطلاع تھی کہ ملزم چوری شدہ گاڑی لینے کے لیے بلاک 7 پہنچیں گے ، جس پر پولیس نے علاقے میں خفیہ نگرانی کا انتظام کیا۔ترجمان کے مطابق جیسے ہی ملزم گاڑی لینے پہنچے پولیس نے انہیں گھیرنے کی کوشش کی، تاہم ملزموں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد پولیس اور ملزموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ملزم جوابی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار کے دوران ملزموں نے سادہ لباس میں موجود ایس ایچ او کو گاڑی سے ٹکر مارنے کی کوشش بھی کی۔

ملزم دو سرقہ شدہ گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے ، جن میں سے ایک کار گزشتہ روز گلستان جوہر بلاک 15 سے چوری کی گئی تھی، جبکہ دوسری گاڑی دو روز قبل ضلع وسطی سے چرائی گئی تھی۔ پولیس نے دونوں گاڑیاں تحویل میں لے کر متعدد جعلی نمبر پلیٹیں بھی برآمد کر لیں۔ حکام کے مطابق ملزموں کی جانب سے چھوڑی گئی گاڑی میں خون کے نشانات بھی پائے گئے ہیں، جس سے شبہ ہے مقابلے کے دوران کئی ملزم زخمی ہوئے ۔ ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق زخمی ملزموں کی گرفتاری کے لیے شہر بھر کے اسپتالوں کو الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ پولیس فرار ملزموں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں