انٹر ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، گوجرانوالہ نے میدان مار لیا
نارووال کے 4،سیالکوٹ کے 2گولڈمیڈلز، فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) گوجرانوالہ ڈویژن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام انٹر ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2026 (بوائز اینڈ گرلز) گکھڑ سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔چیمپئن شپ میں گوجرانوالہ ڈویژن کے چھ اضلاع گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، نارووال اور حافظ آباد کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی اور مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔چیمپئن شپ کی مہمانِ خصوصی رکن پنجاب اسمبلی صائمہ زاہد تھیں، مہمانوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی مثبت تربیت اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔بوائز مقابلوں میں ضلع گوجرانوالہ کی ٹیم نے 7گولڈ، 3سلور اور 1برانز میڈل حاصل کر کے مجموعی برتری حاصل کی۔ ضلع نارووال نے 4 گولڈ اور 5 سلور میڈلز اپنے نام کیے ، جبکہ ضلع گجرات کی ٹیم نے 3 سلور اور 1 برانز میڈل جیتا۔ ضلع منڈی بہاؤالدین نے 6 برانز میڈلز حاصل کیے جبکہ ضلع حافظ آباد کے کھلاڑیوں نے 1 برانز میڈل اپنے نام کیا۔گرلز مقابلوں میں بھی ضلع گوجرانوالہ کی ٹیم نمایاں رہی اور 4 گولڈ، 1 سلور اور 1 برانز میڈل حاصل کیے ۔ ضلع سیالکوٹ کی ٹیم نے 2 گولڈ، 2 سلور اور 1 برانز میڈل جیتے ، جبکہ ضلع گجرات کی ٹیم نے 3 سلور اور 4 برانز میڈلز اپنے نام کیے ۔چیمپئن شپ کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکا نے کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے مقابلے نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے ۔