محکمہ لائیو سٹاک میں انٹرن شپ امیدواروں کے انٹرویوز کا انعقاد
بھرتی کے تمام مراحل میرٹ اور انصاف کے اصولوں کے مطابق ہونگے :ڈپٹی کمشنر
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے محکمہ لائیو سٹاک میں انٹرنیز کی بھرتی کیلئے امیدواروں کے انٹرویوزلئے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک ڈاکٹر زبیر منیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔انٹرویوز کے دوران امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ استعداد اور شعبہ لائیو سٹاک سے متعلق فنی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام بھرتی مراحل مکمل شفافیت، میرٹ اور انصاف کے اصولوں کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں تاکہ اہل اور باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انٹرن شپ پروگرام نوجوان گریجویٹس کو عملی تجربہ فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے ، جس سے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھاریں اور محکمہ کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔