بھکر میں چہلم حضرت امام حسین ؓ پر فول پروف سکیورٹی کا فیصلہ
بھکر میں چہلم حضرت امام حسین ؓ پر فول پروف سکیورٹی کا فیصلہضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور علمائے کرام نے قیامِ امن سے تجاویز پیش کیں
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو، ضلعی امن کمیٹی کے اراکین، علمائے کرام، مسیحی برادری کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں چہلم حضرت امام حسین ؓ اور 11و 12صفر کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ضلعی امن کمیٹی کے اراکین اور علمائے کرام نے قیامِ امن سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں، جن پر ڈپٹی کمشنر نے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر حکومت پنجاب کی ہدایات اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا کردار انتہائی اہم ہے ، جس نے محرم الحرام کے دوران بھی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ چہلم کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے ۔ جلوسوں اور مجالس کی کڑی نگرانی، حساس مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی، مؤثر گشت اور مربوط سیکیورٹی پلان کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے علمائے کرام اور ضلعی امن کمیٹی کے اراکین سے مذہبی رواداری اور امن کے فروغ کے لیے انتظامیہ اور پولیس سے تعاون جاری رکھنے کی اپیل بھی کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments