دارالحکومت کو صاف ستھرا ، خوبصورت بنانے کا آغاز کر دیا، فیصل ممتاز
سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ کو پورے آزاد کشمیر تک پھیلایا جائے گا،وزیر اعظم آزادکشمیر
مظفر آباد (اے پی پی) وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز نے کہا ہے کہ دارالحکومت ریاست کا چہرہ ہے ، اسکو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا آغاز کر دیا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ شہر کی صفائی کیساتھ خوبصورت بھی بنائے گا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ دارالحکومت کو آلودگی سے پاک کرنے میں معاون ثابت ہو گا ،دارالحکومت کی صفائی و خوبصورتی ہماری ترجیح ہے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے منصوبہ کو پورے آزاد کشمیر تک پھیلایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ مظفرآباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام محکمے باہمی تعاون سے بلاامتیاز اور خلوص نیت کے ساتھ عوام کی خدمت کریں، میئر بلدیہ کے مطالبے پر بلدیہ کو حکومت کی جانب سے فوری طور پر کنٹیجنٹ ملازمین فراہم کیے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈیزل مہیا کرنے کے مطالبہ پر درکار فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے ، شہر میں ٹریفک کے بڑھتے دبا کو کم کرنے کے لیے سبزی منڈی کو منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ، جس کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔